تعارف - Urdu Kidz Cartoon | Education website | Cartoon Comics stories in Urdu | www.urdukidzcartoon.com

تعارف

معزز قارئین ، آداب و تسلیمات۔

کچھ عرصہ قبل کی بات ہے۔ دوست احباب کے ایک حلقے میں اس موضوع پر بحث ہو رہی تھی کہ بچوں کو ٹی۔وی / انٹرنیٹ سے کچھ وقت کے لیے ہٹا کر مطالعے کی طرف کیسے راغب کیا جا سکتا ہے؟ سادہ سا مشاہدہ ہے کہ بچوں کی دلچسپی کا زیادہ تر محور کارٹون اور کارٹونی کہانیاں ، سیریئلز اور فلمیں ہوتی ہیں۔
پاکستان کا تو زیادہ علم نہیں لیکن انڈیا میں انگریزی اور ہندی زبان میں بچوں کے کافی رسائل اور چند کامکس میگزین نکلتے رہے ہیں گو کہ پچھلے 30/20 سال کے مقابلے میں ان کی تعداد میں اب کچھ کمی آ گئی ہے۔

بہرحال یہ تجربہ کامیاب رہا کہ بچوں کو کچھ وقت کے لیے ٹی۔وی / انٹرنیٹ سے روک کر انہیں کارٹونی کہانیوں پر مبنی کتب و رسائل پڑھنے کا پابند کیا جائے۔ اس دوران ان کے گرامر اور املا میں سدھار کے ساتھ ذخیرۂ الفاظ [vocabulary] میں بھی کسی حد تک اضافہ محسوس کیا گیا۔ بلکہ کچھ بچے تو کہانی / نظم لکھنے کی مشق میں بھی کامیاب ہوئے۔

یہ معاملہ بہرکیف انگریزی اور ہندی کے ساتھ مختص رہا۔ ہماری پیاری زبان اردو کا جو حال موجودہ دور میں دیکھا جا رہا ہے وہ اظہر من الشمس ہے۔ شمس پر یاد آیا کہ ہمارے عزیز صحافی دوست اور مشہور بلاگر عدنان 'شمس' علوی نے اسی حساس موضوع پر اپنے بلاگ کی اس تحریر میں توجہ دلاتے ہوئے بجا طور کہا ہے کہ :
موجودہ دور میں اردو اخبارات نے بچوں کے کارٹون یا کامک اسٹرپ کو یکسر نظرانداز کر ڈالا ہے ، جس کے سبب اخبارات یا رسائل کے مطالعے سے نئی نسل کی دوری بڑھتی جا رہی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اردو زبان کی بقا کا درد رکھنے والے سامنے آئیں اور اس کمی کو پورا کریں۔۔۔

'اردو کارٹون دنیا' ویب سائیٹ کا اجرا اسی کار خیر کے پیش نظر عمل میں آیا ہے۔ تعلیمی اغراض و مقاصد کی خاطر شروع کی جانے والی اس ویب سائیٹ کا بیشتر مواد [کارٹون / کامکس امیجز] انٹرنیٹ کی مختلف ویب سائیٹس سے حاصل کیا گیا ہے اور اسی مواد کو اردو میں ڈب کر کے پیش کیا جا رہا ہے۔
لہذا یہ بات واضح رہے کہ تمام کارٹون / کامکس کردار اور کہانیوں کی کاپی رائیٹس متعلقہ اداروں / مصنفین کے نام محفوظ ہیں۔

ویسے تو ویب سائیٹ مدیر نعمان نے اپنی استقبالیہ تحریر میں کارٹون/کامکس کہانیوں کے مقاصد و فوائد کے متعلق مختصراً وضاحت کی ہے لیکن ایک اور بات کے اظہار کو ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ انہی کارٹونی کہانیوں کے زبان و بیان کے ذریعے بچوں اور نوعمروں کے ذہنوں میں اردو / مسلم تہذیب و ثقافت کو تازہ رکھنا بھی ہمارے ارادوں میں شامل ہے۔ اور اس کے لیے ہماری ممکنہ کوششیں رہیں گی کہ ایسی کہانیاں پیش نہ کی جائیں ، جن سے مذہب بیزاری یا دیگر منفی جذبات کو شہ ملتی ہو یا کسی قسم کی اسلام مخالف تشہیر ہوتی ہو۔

آپ کے مشوروں اور تجاویز کا انتظار رہے گا۔
فیڈبیک کے لیے یہ رابطہ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آپ کا مخلص
سید مکرم نیاز
(سی۔ای۔او تعمیر ویب ڈیولپمنٹ)


***

Urdu Kidz Cartoon website is designed to educate urdu speaking kids and youngsters thru cartoon/comics strips and stories dubbed in urdu language. Sponsored by Taemeer Web Development Hyderabad India.
Cartoon/Comic characters to be included ...
phantom, mandrake, bahadur, tarzan, richie rich, little lotta, suppandi, detective moochwala, flash gordon, superman, batman, spiderman, tom and jerry, garfield, mickey mouse, donald duck, billoo, pinki, shikari shambu, fauladi singh, chacha chaudry, dennis the menace, bugs bunny, goofy, laurel & hardy, tweety, casper, popeye ... and many many more!